سیرت کانفرنس
Date: August 26, 2026
بروز منگل، مورخہ 25 اگست 2026ء، بمطابق 11 ربیع الاول شعبہ علوم اسلامیہ، یونیورسٹی آف جھنگ کے زیرِ اہتمام ایک پروقار سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت جامعہ کے معزز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فہیم آفتاب صاحب نے فرمائی۔
کانفرنس کی نقابت کی ذمہ داری محترمہ انعم سلیم صاحبہ، سیکرٹری ایونٹ مینجمنٹ کمیٹی نے نہایت احسن انداز میں انجام دی۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس میں سٹوڈنٹس نے خوبصورت اور پُرسوز انداز میں قرآنِ کریم کی تلاوت پیش کی اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پڑھنے کی سعادت بھی حاصل کی۔
کانفرنس میں سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر جامع اور فکر انگیز گفتگو کی گئی۔ ڈاکٹر عدنان صاحب، اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو، شعبہ علوم اسلامیہ کے اساتذہ محترم محمد رفیق خان صاحب، حافظ رمضان سعیدی صاحب، محترم ثوبان محمود صاحب اور انچارج شعبہ علوم اسلامیہ حافظ عبدالمنان صاحب نے سیرت النبی ﷺ کے مختلف گوشوں کو قرآن و سنت کی روشنی میں اجاگر کیا اور حاضرین کو سیرتِ طیبہ ﷺ کی عملی پیروی کی طرف متوجہ کیا۔
کانفرنس کے اختتام پر صدرِ کانفرنس پروفیسر ڈاکٹر فہیم آفتاب صاحب، وائس چانسلر یونیورسٹی آف جھنگ نے صدارتی خطاب فرمایا۔ آپ نے سیرتِ رسول اکرم ﷺ کی اہمیت، اس کے عملی تقاضوں اور موجودہ دور میں اسوۂ حسنہ ﷺ سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت پر نہایت جامع اور مؤثر گفتگو فرمائی۔
اس پروقار کانفرنس کو کامیاب بنانے میں بالخصوص وائس چانسلر آفس، اسٹیٹ آفس اور آئی ٹی آفس نے بھرپور تعاون اور بنیادی کردار ادا کیا، جس پر شعبہ علوم اسلامیہ ان تمام شعبہ جات کا تہہ دل سے شکر گزار اور ممنون ہے۔
شعبہ علوم اسلامیہ، یونیورسٹی آف جھنگ تمام معزز مہمانان، اساتذہ، طلبہ، انتظامی و معاون شعبہ جات اور بالخصوص یونیورسٹی انتظامیہ کا صمیمِ قلب سے شکریہ ادا کرتا ہے، جن کے تعاون سے یہ بابرکت اور یادگار سیرت کانفرنس احسن انداز میں پایۂ تکمیل کو پہنچی۔
Event Gallery