University of Jhang Logo

یکجہتی کشمیر واک اور سیمینار

Date: October 27, 2026

یونیورسٹی آف جھنگ میں یومِ سیاہ کے موقع پر یکجہتی کشمیر واک اور سیمینار کا انعقاد

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فہیم آفتاب کا کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ

یونیورسٹی آف جھنگ کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کے زیرِ اہتمام 27 اکتوبر، یومِ سیاہ کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا اور طلباء میں کشمیری عوام کے حقوق اور حقِ خودارادیت کے حوالے سے شعور بیدار کرنا تھا۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فہیم آفتاب نے کہا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔

ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز، ڈاکٹر امجد رحمان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یومِ سیاہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل میں مسئلہ کشمیر اور انسانی حقوق کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

واک اور سیمینار میں مس صائمہ فرمان، ڈپٹی رجسٹرار، ڈاکٹر نثار احمد بھٹی، ڈاکٹر عظمٰی اخلاق، اساتذہ، طلباء و طالبات اور یونیورسٹی کے عملے نے شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کی حمایت کی۔

Event Gallery